پیشکان: بوسیدہ بجلی کی تار گرنے سے مزدور ہلاک، مکینوں کا کیسکو کے خلاف احتجاج

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے ضلع گوادر کے ساحلی علاقے پیشکان میں گھر کے اندر سے گزرنے والی بوسیدہ بجلی کی تار گرنے سے ایک غیر مقامی مزدور کرنٹ لگنے کے باعث ہلاک ہوگیا، جبکہ واقعے کے بعد علاقے کے مکینوں نے کیسکو کی مبینہ غفلت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور بجلی کے بوسیدہ نظام کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ پیر کی علی الصبح پیش آیا، جب مزدور اپنے رہائشی کمرے کے باہر موجود تھا کہ اچانک چھت کے اوپر سے گزرنے والی خستہ حال بجلی کی تار ٹوٹ کر اس پر آ گری۔ کرنٹ لگنے کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پیشکان میں اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ ان کے مطابق کچھ عرصہ قبل پیشکان بازار میں بھی بوسیدہ بجلی کی تار گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا تھا۔

اہلیانِ پیشکان کا کہنا ہے کہ کئی برسوں سے گھروں کے اندر سے گزرنے والے بجلی کے کھمبے اور تاریں انتہائی خستہ حال ہیں اور علاقائی نمائندے متعدد بار کیسکو حکام، ایم پی اے گوادر اور ڈپٹی کمشنر گوادر کو اس سنگین مسئلے سے آگاہ کر چکے ہیں، تاہم اب تک مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق عوامی شکایات کے باوجود بجلی کے نظام کو محفوظ بنانے میں غفلت برتی گئی، جس کے باعث یہ جانی نقصان پیش آیا۔

اہلیانِ پیشکان نے ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، ہلاک مزدور کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے، گھروں کے اندر سے گزرنے والی بجلی کی تنصیبات کو ہنگامی بنیادوں پر متبادل مقامات پر منتقل کیا جائے اور تمام بوسیدہ کھمبوں اور تاروں کی جگہ نئی تنصیبات نصب کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article