شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ اورماڑہ کے قریب بحرِ بلوچ میں لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ اورماڑہ کے قریب بحرہ بلوچ میں کراچی سے 300 ناٹیکل میل دور لاپتا ہوگیا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کارگو طیارہ اورماڑہ کے قریب سمندر پر پرواز کے دوران لاپتا ہوا، پاکستانی کارگو کمپنی کے طیارے کا رابطہ رات 9 بجکر 32 منٹ پرمنقطع ہوا۔ کارگو پرواز شارجہ سے کراچی آرہی تھی۔

ترجمان پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی( پی اے اے) نے نجی کمپنی کے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ کارگو طیارے نے پرواز کے دوران نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی، کراچی اے سی سی نے طیارے کو فوری رہنمائی فراہم کی، طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا اور سمت بھی تبدیل کرلی۔

ترجمان پی اے اے کے مطابق کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا، طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوا۔

ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فوری طور پر فعال کردیا گیا، لاپتا کارگو طیارے کی تلاش کے لیے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مختلف ادارے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق نجی کارگو طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاپتہ طیارہ فنی خرابی کے بعد مرمت کیلئے شارجہ گیا تھا۔ طیارہ 5دن شارجہ میں رہا۔ طیارہ فیری فلائٹ ( خالی طیارہ ) کرتے ہوئے کراچی واپس آ رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق شارجہ میں طیارے کی مرمت Northern techniques نامی کمپنی نے کی یہ کمپنی پاکستان کے ایک سابق مشیر ہوابازی کی بتائی جاتی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article