وی بی ایم پی کا سمینہ بلوچ اور قمبر بلوچ کی فوری و باحفاظت بازیابی کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) نے سمینہ بلوچ اور قمبر بلوچ کی مبینہ جبری گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری اور باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

تنظیم کے مطابق وی بی ایم پی کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نال کے علاقے استخلی، اورناچ سے قمبر بلوچ ولد عبدالطیف اور سمینہ بلوچ دختر دوست محمد کو مبینہ طور پر سیکورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کی حراست سے متعلق خاندان کو کوئی معلومات فراہم کی گئی ہیں، جس سے شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

وی بی ایم پی کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری کو بغیر وارنٹ گرفتار کرنا، انہیں خفیہ مقامات پر رکھنا اور اہلِ خانہ کو معلومات سے محروم رکھنا نہ صرف ملکی آئین بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ تنظیم نے اس عمل کو ماورائے آئین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات قانون کی حکمرانی کو کمزور کرتے ہیں۔

تنظیم نے مزید کہا کہ خواتین کی جبری گمشدگی ایک نہایت حساس اور سنگین مسئلہ ہے، جو معاشرتی اقدار اور انسانی وقار کے بھی منافی ہے، لہٰذا اس پر فوری توجہ دی جانی چاہیے۔

وی بی ایم پی نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سمینہ بلوچ اور قمبر بلوچ کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اگر ان پر کوئی الزامات ہیں تو انہیں عدالت میں پیش کر کے آئین اور قانون کے مطابق صفائی کا مکمل حق فراہم کیا جائے۔

وی بی ایم پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیم جبری گمشدگیوں کے خلاف اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی اور متاثرہ خاندانوں کی آواز ہر فورم پر اٹھاتی رہے گی۔

Share This Article