بلوچستان کے علاقے کولواہ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ کیچ سے پاکستانی فورسز نے ایک بلوچ خاتون کو جبری لاپتہ کردیا۔
ضلع کیچ کے علاقے کولواہ بلور میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق نعمت اللہ ولد محمود خان، سکنہ بلور کولواہ، پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری جانب پاکستانی فورسز نے ضلع کیچ سے ایک بلوچ خاتون کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے رواں ماہ 14 اپریل کو بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے سنگ آباد میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر بائیس سالہ گل بانک بنت تاج محمد کو حراست میں لے کر اپنے ہمراہ لے گئے۔
لواحقین اور بی وائی سی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستانی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد گل بانک تاحال منظرِ عام پر نہیں آئی ہیں، جبکہ اہل خانہ ان کی زندگی کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ بلوچستان سے پانچ بلوچ خواتین جبری گمشدگی کا نشانہ بنی ہیں، جبکہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں تقریباً 15 خواتین جبری گمشدگی کا شکار ہوچکی ہیں۔