تربت: پاکستانی فورسز کا زامران میں 2 مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے فوجی حکام کے ذرائع نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل بلیدہ کے علاقے نوانو زامران میں 2 مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ضلع کیچ کے علاقے زامران کے کانداران اور نیوانو میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے لیے راشن لے جانے والی دو گاڑیوں کو روک کر ان میں موجود سامان سمیت آگ لگا دی تھی۔

حکام کے ذرائع دعوے کے مطابق نوانو زامران میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران2 افراد مارے گئے ۔

حکام کے مطابق یہ افراد مبینہ طور پر مقامی گاڑیوں کو روک کر بھتہ لینے اور انہیں آگ لگانے کی کوشش کر رہے تھے، جس پر فورسز موقع پر پہنچیں اور کارروائی کے دوران دونوں افراد ہلاک ہو گئے۔

تاہم ہلاک افراد کی شناخت تاحال سامنے نہیں آئی ہے اور مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

علاقائی حلقوں میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سیکورٹی فورسز مارے جانے والے جن افراد کو "مسلح افراد” قرار دے رہی ہے ، وہ حسبِ روایت جبری لاپتہ افراد ہو سکتے ہیں، جنہیں بلوچ عسکریت پسندوں کے حملوں کے ردعمل میں انتقامی کارروائی کے طور پر دورانِ حراست مار کر عسکریت پسند ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ماضی میں اس نوعیت کی کئی کارروائیاں ریکارڈ پر موجود ہیں، جہاں بعد ازاں ہلاک شدگان کی شناخت پہلے سے لاپتہ افراد کے طور پر ہوئی تھیں۔

Share This Article