بلوچستان کے علاقے جھل مگسی اورزامران میں مسلح افراد نے کارروائیاں کرکے فورسز چیک پوسٹ پر قبضہ کرلیا اوران کے اسلحات ضبط کرلئے جبکہ راشن لے جانے والی گاڑیاں سامان سمیت نذرِ آتش کردیں۔
پہلا واقعہ ضلع جھل مگسی کے علاقے شوران میں پیش آیاجہاں مسلح افراد نے لیویز فورس کی ایک چیک پوسٹ کا کنٹرول سنبھال لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے اہلکاروں کا اسلحہ اور ایک موٹر سائیکل بھی اپنے قبضے میں لے لی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دوسرا واقعہ ضلع کیچ کے علاقے زامران میں پیش آیاجہاں مسلح افراد نے کانداران اور نیوانو کے مقامات پر پاکستانی فورسز کے لیے راشن لے جانے والی دو گاڑیوں کو روک لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق گاڑیوں کو قبضے میں لینے کے بعد ان میں موجود سامان سمیت آگ لگا دی گئی۔
تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی حکومتی اداروں نے واقعے کی تصدیق یا تردید کی ہے۔