بی این ایم کا دی ہیگ میں شہدائے مرگاپ کی یاد میں سیمینار، عالمی مہم کا اہم مرحلہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ نیشنل موومنٹ (BNM) 9 اپریل 2026 کو نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں شہدائے مرگاپ کی یاد میں ایک اہم سیمینار کا انعقاد کر رہی ہے، جو تنظیم کی جاری عالمی مہم (10 مارچ تا 9 اپریل 2026) کا حصہ ہے۔

بی این ایم کے مطابق اس سیمینار میں تنظیم کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ سمیت فہیم بلوچ، مہیم اے رحیم، جمال بلوچ، ژالی والی، کامران جتوئی اور نیاز بلوچ بطور مقرر شرکت کریں گے اور شہدائے مرگاپ کے پس منظر، سیاسی و سماجی اثرات اور موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

تقریب کی نظامت دیدگ بلوچ اور ماہرہ بلوچ انجام دیں گے، جبکہ سیمینار میں مختلف ممالک سے بی این ایم کے کارکنان اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

بی این ایم کے مطابق یہ سیمینار عالمی سطح پر بلوچ جدوجہد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مرگاپ کے واقعے کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بی این ایم ہر سال اپنے بانی چیئرمین شہید غلام محمد بلوچ، لالہ منیر اور شیر محمد بلوچ کی یومِ شہادت پر یومِ شہدائے مرگاپ مناتی ہے۔

تینوں رہنماؤں کو پاکستانی خفیہ اداروں نے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں وکلا کے دفتر سے دن دہاڑے حراست میں لیا، جبری لاپتہ کیا اور بعد ازاں ماورائے عدالت قتل کرکے ان کی لاشیں پھینک دی گئیں۔ یہ واقعہ بلوچ سیاسی تاریخ میں ایک سنگین موڑ کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔

Share This Article