برمش پبلی کیشن، جو بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے شعبۂ ادب کے تحت کام کرتی ہے، نے "مزاحمتی یاداشت” کے عنوان سے ایک خصوصی میگزین شائع کیا ہے۔
یہ اشاعت بی وائی سی کی قیادت ڈاکٹر ماہ ر نگ بلوچ، صبغت اللہ شاہ جی، بیبرگ بلوچ، بیبو بلوچ اور گلزادی بلوچ کی گرفتاری کو ایک سال مکمل ہونے پر منظرِ عام پر لائی گئی ہے۔
میگزین کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کا بیشتر مواد جیل کے اندر سے لکھا گیا ہے، جہاں زیرِ حراست رہنماؤں نے نگرانی، تنہائی اور غیر یقینی حالات کے باوجود اپنے خیالات، تجزیات اور تجربات قلم بند کیے۔
ان تحریروں میں ذاتی خطوط، سیاسی تجزیے، مکالماتی نوٹس اور مزاحمتی فکر پر مبنی مضامین شامل ہیں۔
برمش پبلی کیشن کے مطابق، اس میگزین کا مقصد نہ صرف قید کے دوران سیاسی آوازوں کو درپیش حالات کو دستاویزی شکل دینا ہے بلکہ ان رہنماؤں کی فکری، اخلاقی اور سیاسی موجودگی کو بھی محفوظ رکھنا ہے، جنہیں خاموش کرنے کی کوشش کی گئی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ "مزاحمتی یاداشت” قید کو گواہی میں، تنہائی کو مکالمے میں، اور تحریر کو مزاحمت کے عمل میں بدلنے کی ایک اجتماعی کوشش ہے۔ یہ میگزین اس بات کا ثبوت ہے کہ جبر کے ماحول میں بھی سیاسی شعور اور مزاحمتی فکر کو دبایا نہیں جا سکتا۔
مذکورہ میگزین بی وائی سی کی آفیشل ٹیلی گرام چینل پر پی ڈی ایف کی شکل میں دستیاب ہے۔