بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے نیمرغ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے حکومتی حمایت یافت مسلح گروہ ڈیتھ اسکواڈ کا سربراہ محافظ سمیت ہلاک جبکہ ایک اور شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق عبدالرحیم عرف میر سخی جان ساسولی اس وقت اپنے ٹیوب ویل پر موجود تھے جب موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں سخی عبدالرحیم ولد میر عبدالغفور ساسولی، سکنہ نیمرغ، اور ان کے گارڈ ظفر اللہ ولد سعداللہ سکنہ گدر سوراب موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک اور گارڈ اکرام اللہ ولد نور محمد سکنہ نیمرغ شدید زخمی ہو گیا۔
لاشوں اور زخمی کو قلات ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں پر شدید زخمی کو طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جبکہ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا گیا۔
واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔