بلوچستان کے جھل مگسی کے گنداواہ کے علاقے گوٹھ راہوجہ میں سیاہ کاری کے تنازع پر دو گروہوں کے درمیان خونریز تصادم کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تصادم ڈیتھہ برادری اور راہوجہ برادری کے درمیان پیش آیا، جس میں عبدالقادر ولد محمد رمضان اور جان محمد ولد گل محمد نامی 2 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے۔
واقعہ میں بدل خان ولد محمد شعبان، فضل محمد ولد گل محمد اور میر حسن ولد پہلوان زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ڈیتھہ برادری سے ہے۔
واقعہ سیاہ کاری اور پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال گنداواہ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔