کوئٹہ میں پولیس کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک ، اہلخانہ کا شدید احتجاج

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے سفیر نامی 20 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے دعوے کے مطابق نوجوان نے سریاب کے علاقے سے ایک گاڑی لے کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی اور متعدد بار اشارہ کرنے کے باوجود گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کی گئی۔

واقعے کے بعد ہلاک ہونے والے سفیر باجوہ کے والدین نے پولیس پر بلاجواز فائرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔

ان کا مؤقف ہے کہ پولیس نے غیر ضروری طاقت کا استعمال کیا جس کے باعث ان کے بیٹے کی جان گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ جناح ٹاؤن کے ایریا میں اس وقت پیش آیا جب گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم ڈرائیور کے نہ رکنے پر فائرنگ کی گئی۔

دوسری جانب اہلخانہ نے کوئٹہ سول اسپتال سے لاش وصول کرلی ہے اور پوسٹ مارٹم نہ کرانے کی ہدایت بھی دی ہے۔

تاحال جناح ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او منظر عام پر نہیں آئے جبکہ محکمہ داخلہ کے حکام نے بھی واقعے سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا ہے۔

واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

Share This Article