ایرانی جہاز کے عملے کے 15 ارکان کو براستہ گوادر ایران منتقل کردیا گیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ایرانی بحری جہاز توسکا کے عملے کے 15 ارکان کو براستہ گوادربلوچستان ،ایران منتقل کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر گوادر نے اس باقاعدہ تصدیق کی ہے ۔

اس سے قبل پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ امریکہ کی جانب سے تحویل میں لیے جانے والے ایرانی بحری جہاز توسکا کا 22 رکنی عملہ گذشتہ رات بحفاظت پاکستان پہنچ گیا تھا اور انھیں آج ایران منتقل کر دیا جائے گا۔

پاکستانی حکام کے مطابق ایرانی جہاز عملے کے 15ارکان کو بلوچستان کے سرحدی ضلع گوادر میں گبد رمیدان کراسنگ پوائنٹ سے ایرانی حکام کے حوالے کیا گیا ۔

مکران ڈویژن کی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران بحری جہاز کے عملے کے 15ارکان کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے گبد رمیدان کراسنگ پوائنٹ پہنچایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سخت سکیورٹی میں ایف سی کے حکام نے انھیں ایران کے سرحدی علاقے چاہ بہار میں نگور کے علاقے کے ایرانی حکام کے حوالے کیا گیا۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس حوالے سے معلومات نہیں کہ توسکا کے عملے کے باقی افراد کہاں ہیں اور انھیں ان 15 افراد کے ساتھ کیوں حوالے نہیں کیا گیا۔

ایسی اطلاعات ہیں کہ ایران کے بحری جہاز کے ان اہلکاروں کو پہلے ضلع گوادر کے علاقے پسنی پہنچایا گیا تھا جہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان کو ایران سے متصل سرحدی علاقے پہنچایا گیا تاہم سرکاری سطح پر تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

Share This Article