بلوچستان کے علاقے خاران اور ضلع کیچ کے علاقے تمپ کونشقلات میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں لیکچرار سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پروفیسر زخمی ہوگیا۔
خاران سے اطلاعات ہیں کہ جامعہ بلوچستان کے سب کیمپس خاران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک لیکچرار ہلاک جبکہ ایک پروفیسر شدید زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں لیکچرار دلاور خان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
فائرنگ کے واقعے میں پنجگور سے تعلق رکھنے والے پروفیسر بلال احمد گچکی شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر شیخ زید ہسپتال خاران منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔
دوسرا واقعہ ضلع کیچ کے تمپ کے علاقے کوشقلات میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم ولد اسماعیل سکنہ کوشقلات تمپ کو موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔