بلوچستان کے علاقے خاران سے ایک نعش برآمد ہوئی ہے جبکہ پنجگور سے برآمد چار لاشوں میں مزید 2 لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
خاران سے پولیس کے مطابق جمعہ کو خاران ضلع میں ایک لاش ملی جسے ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت محمد اشرف ولد محمد صدیق سکنہ زرد نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب ضلع پنجگور میں کل برآمد ہونے والی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جس کے دوران مزید دو کی شناخت کر لی گئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق تازہ شناخت ہونے والے افراد ذوالفقار ولد مسافر اور شہرام ولد باران ہیں، جن کا تعلق مغربی بلوچستان کے علاقے گیشتگان سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کو گزشتہ ماہ پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقے سے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھے۔
یہ پیشرفت ایک روز قبل سامنے آنے والے اس واقعے کے بعد ہوئی ہے، جس میں پنجگور کے علاقے پروم سے 4افراد کی لاشیں برآمد ہونے کی اطلاع ملی تھی۔
ان میں سے دو افراد کی شناخت مروان ولد حمزہ اور ہاتم ولد حاجی محمد کے نام سے کی جا چکی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق انہیں 5 اپریل 2026 کو پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔
مزید دو افراد کی شناخت آج عمل میں آئی ہے۔