ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ تہران نے اپنی افزودہ یورینیم کو امریکہ منتقل کرنے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق بقائی نے جمعہ کو کہا کہ ’افزودہ یورینیم ہمارے لیے ایرانی سرزمین کی طرح مقدس ہے اور اسے کسی بھی حالت میں کہیں منتقل نہیں کیا جائے گا۔‘
اس سے قبل ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ تہران نے افزودہ یورینیم کو ایران سے ہٹانے اور اسے امریکہ لانے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ مل کر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
صدر نے جمعہ کو بارہا اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ’اگلے دو دنوں میں‘ ایک سمجھوتہ طے پا جائے گا اور یہ کہ امن مذاکرات اس ہفتے کے آخر میں ہوں گے۔