ضلع ڈیرہ بگٹی دو حصوں میں تقسیم، اپر ڈیرہ بگٹی کے نام سے نیا ضلع قائم

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان حکومت نے ضلع ڈیرہ بگٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر کے اپر ڈیرہ بگٹی کے نام سے نیا ضلع قائم کر دیا ہے۔

محکمہ ریونیو کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ضلع کا ہیڈکوارٹر بیکڑ میں ہوگا۔

انتظامی ڈھانچے کے مطابق نئے ضلع اپر ڈیرہ بگٹی کا ہیڈکوارٹر بیکڑ میں ہوگا اور اس میں شہید فضل خان شمبانی، پیر کوہ اور قادر آباد (پھیلاوغ) سب ڈویژن شامل ہیں، جبکہ تحصیل چیف علی محمد، نبی داد شہید اور سر لوپ بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب پرانے ضلع ڈیرہ بگٹی کا ہیڈکوارٹر بدستور ڈیرہ بگٹی میں رہے گا، جس میں تحصیل ڈیرہ بگٹی اور سب ڈویژن تحصیل سوئی شامل کیے گئے ہیں۔

بلوچستان حکومت کے مطابق یہ اقدام انتظامی سہولت اور عوامی مسائل کے بہتر حل کے لیے کیا گیا ہے۔ نئے ضلع کے قیام سے مقامی آبادی کو سہولت ملے گی اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی زیادہ مؤثر انداز میں ہو سکے گی۔

تاہم حکومت کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تقسیم محض انتظامی نہیں بلکہ سیاسی نوعیت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے عسکری حکام کی ایما پر اپنے آبائی ضلع کو تقسیم کیا تاکہ مستقبل میں انتخابی حلقوں کی بندر بانٹ کے ذریعے انہیں آسانی سے کامیاب کرایا جا سکے۔

مزید دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں انہیں مبینہ طور پر عسکری حکام کی مدد سے کامیاب کرایا گیا، لیکن آئندہ ایسا ممکن نہ ہو، اس لیے ضلع کی تقسیم کو ایک پیشگی حکمتِ عملی سمجھا جا رہا ہے۔

یہ فیصلہ ایک طرف انتظامی اصلاحات کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری طرف اسے سیاسی انجینیئرنگ سے جوڑا جا رہا ہے۔ اس طرح کے اقدامات بلوچستان کی سیاست میں پہلے بھی بحث کا موضوع رہے ہیں، جہاں انتظامی فیصلوں کو بعض اوقات انتخابی حکمتِ عملی سے منسلک کیا جاتا ہے۔

Share This Article