سانحہ بارکھان 10 بے گناہ بلوچوں کی ریاست کے ہاتھوں قتل ایک انسانی المیہ ہے،بلوچ وومن فورم

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ وومن فورم نے بارکھان میں ریاستی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ بلوچوں کی قتل عام کو ایک نہایت افسوسناک انسانی المیہ قرار دیا ہے۔

اپنے جاری بیان میں تنظیم کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے لہمہ زرین، ناہڑ کوٹ روڈ میں پیش آنے والے واقعے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد شہید جبکہ 3 شدید زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مری قبیلے سے تعلق رکھنے والا ایک خانہ بدوش خاندان ایک مزدا گاڑی میں موسمی نقل مکانی کے دوران اس علاقے سے گزر رہا تھا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ گاڑی میں سوار چار افراد زندہ جل کر خاکستر ہوگئے۔ ان میں بوڑھے، خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں، جو اس سانحے کو مزید دردناک بناتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سانحہ بارکھان ایک نہایت سنجیدہ اور تشویشناک واقعہ ہے جو انسانی جانوں کے تحفظ کے حوالے سے اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ایسے حالات میں عام شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانا ضروری ہے، اور اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔

تنظیم کے مطابق یہ واقعہ پارلیمنٹیرینز، سیاستدانوں اور دیگر ذمہ دار حلقوں کے لیے بھی ایک اہم لمحۂ فکریہ ہے۔ اس دردناک واقعہ پر انکی یہ خاموشی انھیں بھی اس جرم میں برابر کا شریک بناتی ہے۔

بلوچ وومن فورم نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچ وومن فورم اس سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور ساتھ ہی اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ بلوچ نسل کشی و ناانصافیوں پر ہم کبھی خاموش نہیں رہیں گے اور ہر ممکن فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

Share This Article