بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ آج 6135ویں روز میں داخل ہو چکا ہے، مگر حکومتی بے حسی تاحال برقرار ہے۔
اس دوران مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے آج کیمپ کا دورہ کیا، جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز بلند کی اور ان خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جو برسوں سے اپنے پیاروں کی راہ تک رہے ہیں۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگیاں اور ماورائے عدالت قتل نہ صرف آئین بلکہ انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں۔ آخر کب تک مائیں، بہنیں اور بچے انصاف کے لیے در بدر ہوتے رہیں گے؟
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے واضح مطالبہ کرتے ہیں: تمام لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کیا جائے، اور جن پر کوئی الزام ہے انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔
نیاز محمد کا کہنا ہے کہ یہ پرامن جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک انصاف نہیں ملتا اور آئین کی بالادستی قائم نہیں ہوتی۔