بلوچستان کے ضلع پنجگور میں گذشتہ شب سی پیک روڈ پر واقع رخشاں ندی کے پل کے قریب زور دار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پل کو جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکے کے باعث پل کے کچھ حصے متاثر ہوئے تاہم تاحال کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے اسباب کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پل کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ بھی لگایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سی پیک روڈ اہم شاہراہ تصور کی جاتی ہے، جس پر روزانہ بڑی تعداد میں ٹریفک رواں دواں رہتی ہے، واقعے کے بعد کچھ دیر کے لیے ٹریفک متاثر رہی۔
دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔