کوئٹہ و کیچ میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک 2 لاپتہ نوجوانوں کی لاشیں برآمد

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ اور ضلع کیچ مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2 نوجوانوں قتل کردیا جبکہ تمپ رودبن تربت شہر سے لاپتہ نوجوانوں کی لاشیں برآمدہوئی ہے۔

کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا ۔

پولیس کے مطابق واقعہ سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے نزدیک پیش آیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے سریاب روڈ پر واقع پرندوں کی ایک دکان کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دکان پر موجود ایک نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا، جس کی شناخت کردگاپ سے تعلق رکھنے والے احمد جان سرپرہ ولد محمد ایاز سرپرہ کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ مقتول کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

پولیس کے مطابق تاحال قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ہلاک ہوگیا۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ تمپ کے علاقہ کونشقلات میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا۔

مقتول کی شناخت ساحر ولد نثار احمد ساکن کونشقلات تمپ کے نام سے کی گئی ہے۔

اسی طرح تربت یونیورسٹی کے قریب ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔

لاش کی شناخت لاپتہ نوید احمد ولد محمد ہاشم سکنہ بلیدہ گلی کے نام سے ہوئی ہے جسے 25 دسمبر 2025 کو گلی بلیدہ سے مسلح افراد نے اغواء کیا تھا۔

علاوہ ازیں ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت نعمان ولد حیدر، سکنہ مند گوک کے طور پر کی گئی ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق نعمان کو تقریباً دو ماہ قبل پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا تھا اور تب سے وہ لاپتہ تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ 19 نومبر کو نعمان پکنک منانے گئے تھے، جہاں پاکستانی فورسز نے فائرنگ کرکے نعمان کے ساتھی اسماعیل کو موقع پر قتل کردیا جبکہ نعمان کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔

بدھ کے روز مقامی لوگوں نے تمپ کے علاقے رودبن سے ایک لاش برآمد ہونے کی اطلاع دی، جس کی بعد ازاں شناخت نعمان کے طور پر کی گئی۔

Share This Article