بلوچستان کے علاقے جھل مگسی اور ڈیرہ مراد جمالی میں خاتون اور یوسی چیئرمین سمیت 3 افراد کو قتل کردیا گیا ۔
جھل مگسی کے علاقے پنجک میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چیئرمین یونین کونسل پنجک آصف مگسی موقع پر ہلاک ہو گئے۔
فائرنگ کے دوران ان کی گاڑی الٹ گئی، جس میں سوار ان کے دو کم سن بیٹے محمد حسان مگسی اور امیر حمزہ مگسی گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ جھل مگسی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال گنداواہ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی کے قریب شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی سمیت دو افراد کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب میر حسن پولیس تھانے کی حدود گوٹھ نوخاب میں شوہر نے مبینہ طورپر سیاہ کاری کے الزام میںفائرنگ کرکے اپنی بیوی اور ایک شخص کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے لاشیں قبضے میںلیکرہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعدورثاءکے حوالے کردیں اور مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔