بلوچستان کے علاقے خاران شہر کے مزارزئی محلہ، واپڈا کالونی میں گذشتہ روزایک رہائشی مکان پر راکٹ گرنے کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق شہری سلیم کے گھر اور اس کے گردونواح میں دو راکٹ گولے آ گرے، جس سے گھر میں موجود خواتین اور بچے شدید زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدہ صورتحال کے باعث شیخ زید ہسپتال تک فوری رسائی ممکن نہ ہو سکی۔
ایم ایس ہسپتال کی کوششوں کے باوجود زخمیوں کو بروقت منتقل نہیں کیا جا سکا۔ اس دوران محلے کے نوجوانوں شعیب احمد اور عزیز اکرم نے سوشل میڈیا کے ذریعے طبی ماہرین سے رابطہ کیا، جس پر ڈاکٹر عبدالمالک ہوتکانی، او ٹی اسسٹنٹ اورنگزیب پیرکزئی اور حاجی وحید برق موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
متاثرہ خاندان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گھر میں اب بھی ایک غیر پھٹا ہوا راکٹ گولہ موجود ہے۔
اہلِ خانہ نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کیا جائے تاکہ کسی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
یاد رہے گذشتہ روز بلوچ عسکریت پسندوں نے خاران شہر کا کنٹرول سنبھالااور شہر بھر میں گشت کرتے رہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھی ان کی جھڑپوں کا سلسلہ چلتا رہا ہے۔