بلوچ عسکریت پسندوں کے حملوں کے پیش نظر جعفر ایکسپریس میں شامل خصوصی سیکیورٹی ٹرین بوگی کو مشین گنوں اور جدید سینسرز سے لیس کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے سال بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے مجید بریگیڈ کے ذریعے جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے سمیت پے در پے حملوں کے ایک سلسلے کے بعد اب بلوچستان میں ٹرینوں کو ہائی جیکنگ اور عسکریت پسندوں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشین گنوں اور سینسروں سے لیس کیا جا رہا ہے۔
عسکری اسٹیبلشمنٹ کی ایما پر پاکستان کی وفاقی بشمول بلوچستان حکومت کی جانب سے پہلی فرست میں جعفر ایکسپریس کو مشین گنز اورجدید سینسرز سے لیس کردیا گیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سرکولیٹ کر رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پلیٹ فارم پر موجود جعفر ایکسپریس روانگی سے قبل اس کی ایک بوگی کے اوپری حصے میں سیکورٹی اہلکار مشین گنوں کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں ۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس پنجاب کیلئے روانہ ہو رہی ہے اور اسٹیشن پہ اکا دکا مسافر ہیں ،زیادہ تر سیکورٹی اہلکار ہیں جبکہ ٹرین بھی تقریباً خالی نظر آ رہی ہے۔