نصیرآبادمیں ریلوے ٹریک دھماکے سے تباہ، تمپ میں فورسز پر حملہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں  نامعلوم افراد نے پاکستان کے ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا ۔جبکہ ضلع کیچ کے تمپ کے علاقے ہوت آباد میں مسلح افراد کی جانب سے پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ اور دو طرفہ فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

نصیر آباد کے علاقے نوتال کے قریب ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے دھماکے سے متاثر ہونے والے ٹریک کی مرمت کے لیے ریلوے حکام نے کام شروع کر دیا۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے تحصیل تمپ کے علاقے ہوت آباد میں فرنٹیئر کور( ایف سی) کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد نے ایف سی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا جس پر ایف سی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی۔

فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جب کہ پولیس نے بھی شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

Share This Article