پاکستانی فوج نے بلوچستان ے علاقے قلات میں ایک مبینہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 8 مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے دعوے کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے دعوے میں مزید کہا کہ خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں 8 عسکریت پسند مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے جب کہ سکیورٹی فورسز نے ان کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے مزید دعویٰ کیا کہ مارے جانے والے افراد علاقے میں متعددعسکریت پسندانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مارنے جانے والے سبھی افراد بھارتی سرپرستی میں علاقے میں مسلح کارروائیوں میں مصروف تھے اور اب ان کےخاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں آئی ایس پی آرکے اس طرح کے دعوئوں کے نتیجے میں فوجی آپریشن میں مارنے جانے والے افراد کی اکثریت پہلے سے جبری لاپتہ افراد کی شناخت کی جاتی رہی ہے جنہیں جعلی مقابلوں میں ماورعائے آئین و قانون قتل کیا جاتا رہا ہے ۔
حقیقی میڈیا ہائوسز اکثر یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ آئی ایس پی آر محض ایک پریس ریلیز کے ذریعے اپنی کارروائیوں کا دعویٰ کرتا رہتا ہے لیکن زمین پر ان کے نمائندے اور مقامی افراد ان دعوئوں پر لاعلمی کا اظہار کرتے رہتے ہیں ۔
حسب روایت آج بھی مارے جانے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔