انڈیا کا ’بلو برڈ بلاک-2 سیٹلائٹ خلا میں چھوڑنے کا مشن مکمل

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

انڈیا خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ’بلو برڈ بلاک-2 سیٹلائٹ‘ کو کامیابی کے ساتھ مدار میں چھوڑنے کا مشن بخوبی مکمل ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ بلو برڈ بلاک ٹو خصوصی کمرشل مشن ہے جسے لانچ وہیکل مارک تھری ایم سکتھ ( ایل وی ایم تھری) کے ذریعے انجام دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے این آئی نے انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کی ایکس پر کی گئی پوسٹ کو شیئر کیا ہے جس میں نریندر مودی نے اس تجربے کو خلائی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایل وی ایم تھری لانچ نے امریکی خلائی جہاز بلو برڈ بلاک-2 کو اس کے مقررہ مدار میں پہنچایا، یہ انڈیا کی سرزمین سے اب تک چھوڑا گیا سب سے بھاری سیٹلائٹ ہے جو ہمارے خلائی سفر میں ایک فخر کا سنگِ میل ہے۔‘

نریندر مودی کے مطابق ’ یہ تجربہ انڈیا کی ہیوی لفٹ لانچ صلاحیت کو مزید مضبوط کرتا ہے اور عالمی کمرشل لانچ مارکیٹ میں ہمارے بڑھتے ہوئے کردار کو تقویت دیتا ہے۔ ہمارے محنتی خلائی سائنسدانوں اور انجینئروں کے باعث انڈیا خلائی دنیا کی مسلسل بلندیاں چھو رہا ہے۔‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پراپنی ایک اور پوسٹ میں ملک کے خلائی پروگرام کی استعداد سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا کے نوجوانوں کی طاقت سے تقویت پانے والا خلائی پروگرام (اسرو) انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ جدید اور مؤثر ہوتا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں نریندر مودی نے لکھا کہ لاؤنچ وہیکل مارک تھری کی جانب سے بھاری وزن اٹھانے کی قابلِ اعتماد صلاحیت کے مظاہرے مستقبل کے مشنز کے لیے مضبوط بنیادیں استوار کر رہے ہیں۔

نریندر مودی کے مطابق ’صلاحیت میں یہ اضافہ اور خود انحصاری کو ملنے والا یہ فروغ آنے والی نسلوں کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔‘

انڈیا کے خلائی ادارے اسرو کے مطابق یہ مشن ایل وی ایم تھری کی چھٹی آپریشنل فلائٹ ہے۔ ایل وی ایم تھری جسے گگن یان کے لیے مخصوص لانچ وہیکل بھی کہا جاتا ہے، اسرو کا سب سے طاقتور راکٹ ہے اور وہ ان مشنز میں اہم کردار ادا کرتا ہے جنھیں زیادہ پے لوڈ صلاحیت درکار ہوتی ہے۔

Share This Article