بلوچستان میں حالیہ حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان حملوں میں انڈیا کے ملوث ہونے کے شواہد ہیں اور اب پاکستان کی طرف سے ایسی مسلح کارروائیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق اگر کوئی گروہ انڈیا یا افغانستان کے ایجنٹ بنتا ہے تو وہ دراصل پاکستان کے دشمن کے ایجنٹ ہوتے ہیں۔
منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے دعویٰ کیاکہ انڈیا اور افغانستان سے سپانسرڈ فورسز استعمال کی جا رہی ہیں اور ان کا جواب اسی شدت سے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں عسکریت پسند 170 لاشیں چھوڑ کر بھاگے ہیں۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ اب انڈیا اپنی مئی کی شکست کا بدلہ پراکسیز کے ذریعے لینے کی کوشش کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بلوچ عوام کی حمایت اور قومی عزم کے ساتھ پاکستان یہاں پر بھی انڈیا اور افغانستان کو شکست دے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی سلامتی کا مسئلہ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔