بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ شہید عزیز بلو نوتال کی حدود میں ریلوے ٹریک پر آئی ای ڈی دھماکہ ہوا لیکن دھماکے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے ریلوے ٹریک کا تین فٹ ٹکڑا اڑ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ دیر بعد جعفر ایکسپرس کوگزرنا تھا لیکن دھماکے کی وجہ سے پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفرایکسپریس ڈیرہ مراد جمالی اسٹیشن پر روک دی گئی۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ الطاف آباد ریلوے ٹریک پل کے قریب 4 سے 5 کلو وزنی آئی ای ڈی دھماکہ ہواجبکہ 10 کلو وزنی دوسرا آئی ای ڈی ناکارہ بنا دیا گیا۔
دھماکے کے بعد پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور دیگر اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔