ڈاکٹر راشد بلوچ کی اغوا نما گرفتاری تشویشناک ہے،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے کنسلٹنٹ یورولوجسٹ ڈاکٹر راشد علی کی مبینہ اغوا نما گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تنظیم کے مطابق ڈاکٹر راشد علی کو انویسٹیگیشن کے نام پر طلب کرنے کے بعد اچانک منظرِ عام سے غائب کر دینا آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس سے بلوچستان بھر کی ڈاکٹر برادری میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل نے واضح کیا ہے کہ اگر ڈاکٹر راشد علی پر کسی قسم کا کوئی الزام ہے تو انہیں قانون کے مطابق فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے۔ بغیر قانونی کارروائی کسی شہری کو حراست میں لینا یا لاپتہ کرنا ناقابلِ قبول عمل ہے۔

بیان میں متعلقہ حکام اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر راشد علی کی فوری اور باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے اہلِ خانہ کو بلا تاخیر ملاقات کی اجازت دی جائے۔

تنظیم کے مطابق اس وقت ڈاکٹر راشد علی کا خاندان شدید ذہنی اذیت اور بے یقینی کا شکار ہے۔

سپریم کونسل نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت بلوچستان نے اس سنگین معاملے پر فوری اور عملی اقدامات نہ کیے تو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان بلوچستان بھر میں احتجاج پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

Share This Article