بلوچستان کے ضلع آواران کی تحصیل جھاؤ میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے قافلے پر حملے کے بعد جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ جھاؤ کے پہاڑی علاقے سوگر میں گزشتہ روز اس وقت ہوا جب فورسز لشکر کشی کی غرض سے داخل ہورہے تھے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی قافلے پر ہونے والا یہ حملہ انتہائی شدید تھا، جس کے جھڑپیں شروع ہوئیں جو چار گھنٹے سے زائد جاری رہیں۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے بعد جائے وقوعہ سے چھ فوجی ایمبولینسوں اور ہیلی کاپٹروں کو آتے جاتے دیکھا گیا، جس سے جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے جھڑپ کے دوران متعدد فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں، تاہم حکام کی جانب سے تاحال ہلاکتوں کی تصدیق یا تعداد جاری نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد فوج کی جانب سے علاقے میں شدید گولہ باری کی گئی، جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔