بلوچستان کے ضلع کیچ کے مکران میڈیکل کالج تربت میں سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج پر طلبہ کا احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے۔
طلبہ و طالبات نے کالج انتظامیہ کے فیصلوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کالج کے مرکزی گیٹ کے باہر ایم 8 شاہراہ پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دی ہے۔
احتجاجی طلبہ کا کہنا ہے کہ حالیہ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج میں طلبہ کو جان بوجھ کر فیل کیا گیا ہے جبکہ تین طلبہ کو ریپیٹ ایئر کرنے کے فیصلے نے ان کے مستقبل کو شدید متاثر کیا ہے۔
طلبہ کے مطابق نتائج غیر شفاف ہیں اور بارہا نشاندہی کے باوجود کالج انتظامیہ نے ان کے اعتراضات کو نظر انداز کیا۔
اس سے قبل طلبہ نے گزشتہ دو دنوں کے دوران کالج احاطہ میں ریلیاں نکالیں اور ایڈمن بلاک کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے تاہم مطالبات کی عدم شنوائی پر انہوں نے احتجاج کو وسعت دیتے ہوئے شاہراہ پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا۔
ایم 8 شاہراہ پر جاری دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے جبکہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب کالج انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی باقاعدہ موقف سامنے نہیں آیا۔
احتجاجی طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانی نتائج کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، فیل کیے گئے طلبہ کے پیپرز کی ازسرِنو جانچ کی جائے اور ریپیٹ ایئر کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔