بلوچستان کے ضلع کیچ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک نعش برآمد ہوئی ہے۔
فائرنگ کے دونوں واقعات تربت شہر کے علاقے چاہ سر اور بلیدہ میں ہوئے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق میناز بلیدہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے طالب ولد نزیر احمد کو قتل کردیا۔جبکہ تربت چاہ سر میں نامعلوم ملزمان نے مجاہد ولد حامد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق طالب نذیر پر حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے اچانک فائرنگ کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک طالب نذیرموقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعہ کے بعد لاش کو ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب تربت کے علاقے شاپک میں ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا۔
ہسپتال میں لاش کی شناخت صاحبداد ولد شکیل احمد سکنہ شہرک کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوان ایک بم دھماکے کے نتیجے میں مارا گیا ہے تاہم واقعے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جب کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔