انسانی حقوق کا عالمی دن: وی بی ایم پی کا10 دسمبر کو کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف طویل عرصے سے سرگرم و متحرک تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز ( وی بی ایم پی ) ‏کی جبری گمشدگیوں کے خلاف جاری احتجاجی کیمپ کو 6023 دن مکمل ہوگئے۔

تنظیم کے چیئر مین نصر اللہ بلوچ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کیاجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی اداروں نے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں میں شدید تیزی لائی ہے، اب تو بلوچ خواتین کو بھی جبری طور پر لاپتہ کیا جا رہا ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سنگین صورتحال پر 10 دسمبر کو انسانی حقوق کی عالمی دن کے موقع پر وی بی ایم پی کے زیر اہتمام جبری گمشدگیوں، لاپتہ بلوچوں کے ماورائے قتل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے شام 3 بجے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

نصر اللہ بلوچ نے سیاسی پارٹیوں، طلباء تنظیموں اور بلوچ قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

Share This Article