انڈیا کی ریاست گوا کے مشہور نائٹ کلب میں آتشزدگی، 23 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

انڈیا کے ساحلی علاقے گوا کے ایک مشہور نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ مرنے والوں میں سے اکثریت گوا کے علاقے ارپورا میں واقع کلب کے عملے ارکان کی ہے جبکہ مرنے والوں میں سیاح بھی شامل ہیں۔

پولیس کا ماننا ہے کہ سنیچر کے روز آدھی رات کو کلب کے کچن میں گیس کا سلنڈر پھٹا جس سے آگ لگی جو پورے کلب میں پھیل گئی۔

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں گوا کے کلب میں ہونے والی آتشزدگی کو ’انتہائی افسوسناک‘ قرار دیا ہے۔

گوا کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آلوک کمار کا کہنا ہے کہ آگ بنیادی طور پر نچلی منزل پر باورچی خانے کے آس پاس مرکوز تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر مرنے والوں کی لاشیں کچن کے نزدیک سے ملی ہیں اور اس ہی وجہ سے یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کلب کے ملازمین تھے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق آگ باگا میں ’برچ بائی رومیو لین‘ نامی کلب میں لگی۔ یہ کلب گوا کے سب سے مشہور ساحلوں میں سے ایک پر واقع ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اتوار کی صبح تک ریسکیو کا عمل جاری تھا۔

گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے صحافیوں کو بتایا کہ تین افراد کی موت جھلسنے کے باعث ہوئی جبکہ دیگر دم گھٹنے سے مرے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں ’تین سے چار‘ سیاح شامل ہیں جن کی عمر اور قومیت کا ابھی تک علم نہیں ہے۔

وزیِراعلیٰ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ کی باضابطہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

Share This Article