بلوچستان کے علاقے جھل مگسی اور کچھی میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے 3 پولیس چوکیوں پر حملے اور قبضہ کے دوران اسلحات ضبط اور 5 افرادکو اغوا کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھل مگسی اور کچھی میں پولیس کے تین چوکیوں پر مسلح افراد نے حملہ کر کے اہلکاروں کا اسلحہ ضبط کر لیا ہے۔
کچھی سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ دیر قبل نامعلوم مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے کچھی کے علاقے کوناڑو اور گاجان میں لیویز چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا اور موجود اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیے ۔
ذرائع کے مطابق اسی دوران جھل مگسی کے علاقے کوٹڑو میں بھی مسلح افراد نے پولیس تھانہ پر حملہ کیا ۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور بھاری ہتھیاروں کی آواز بھی سنی گئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب جھل مگسی سے نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں 5 افراد کے اغوا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق گاجان شوران واٹر چینل کی بندش کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سکلیجی جانے والے افراد کو مسلح افراد نے اغوا کرلیا ۔
ذرائع نے مزید کہا کہ واقعہ کے دوران مقامی افراد نے مسلح افراد کا پیچھا کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے نہتے لوگوں پر فائرنگ جس کی وجہ سے وہ پیچھے ہٹے اور پھرمسلح مغوین کو لیکر انھیں نامعلوم مقام پر لے جانے پر کامیاب ہوگئے۔