بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی سے مزید 5 افراد کوجبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ تربت سے ایک لاپتہ نوجوان بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا۔
ضلع ڈیرہ بگٹی سے لیویز حکام کا کہنا ہے لیویز تھانہ کولی کی حدود سے نا معلوم مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر ظفر اللہ ،ڈودو خان ،تھنگی خان ،بھٹو خان اور جہاں علی بگٹی نامی 5 افراد کو اغواءکرکے نا معلوم مقام کی طرف فرار ہوئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر لیویز،پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے مغویوںاور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے تربت سے ڈھائی سال سے فورسز ہاتھوں جبری لاپتہ نوجوان قاسم علی بازیاب ہوگیا جسے لیویز فورس نے اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔
قاسم علی ولد عبدالصمد، ساکن تجابان نامی نوجوان جو تقریباً ڈھائی سال قبل لاپتا ہوگیا تھا، جمعہ کی شام بازیاب ہو گیا۔
لیویز فورس نے بازیابی کے بعد انہیں باقاعدہ اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔