انڈیا کی ایئرفورس نے دبئی میں ائیر شو کے دوران انڈیا کا جنگی طیارہ ’تیجس‘ کے گرنے کے باعث پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔
انڈین ایئر فورس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی اے ایف کا تیجس طیارہ آج دبئی ایئر شو میں فضائی نمائش کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ کو شدید چوٹیں آنے کے باعث وہ جان کی بازی ہار گئے۔
یاد رہے کہ انڈیا سنہ 1983 سے تیجس طیاروں کو مقامی طور پر بنا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انڈین ایئر فورس اس جانی نقصان پرشدید افسوس کا اظہار کرتا ہے اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی جا رہی ہے۔‘
یاد رہے کہ ’تیجس‘ انڈیا کا پہلا مکمل طور پر دیسی ساختہ لڑاکا طیارہ ہے جو سنگل انجن ہے اور جس میں لگائے گئے پچاس فیصد سے زیادہ حصے انڈیا میں تیار کیے جاتے ہیں۔