یوکرینی حکام کے مطابق مغربی شہر تیرنوپل میں روس کے ڈرون اور میزائل حملوں میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
حملوں میں دو رہائشی عمارتیں نشانہ بنیں جبکہ 73 افراد زخمی ہوئے جن میں 15 بچے شامل ہیں۔ یہ 2022 میں روس کے حملے کے آغاز کے بعد مغربی یوکرین پر ہونے والے مہلک ترین حملوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
روس نے دو دیگر مغربی خطوں لیوو اور ایوانو فرینکیوسک کو بھی نشانہ بنایا جبکہ شمالی شہر خارخیو کے تین اضلاع میں ڈرون حملوں کے باعث 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں عمارتوں اور گاڑیوں کو شعلوں میں لپٹا دیکھا جا سکتا ہے۔
یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس نے روس کی جانب سے داغے گئے 476 ڈرونز میں سے 442 اور فائر کیے گئے 48 میزائلوں میں سے 41 کو کامیابی سے مار گرایا۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس کے مارے گئے میزائلوں میں سے 10 روسی کروز میزائل ایسے تھے جنھیں یوکرین کے ایف 16 اور میراج 2000 طیاروں نے نشانہ بنا کر تباہ کیا۔
تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین کا فضائی دفاع شدید دباؤ کا شکار ہے۔