ایران اور بحرین میں حساس عسکری معلومات کے مبینہ تبادلے پر کریک ڈاؤن سے 25 افراد کوگرفتارکرلیا گیا ہے ۔
ایران کے شمال مغربی شہر عرمیہ میں سکیورٹی اداروں نے ایک عدالتی حکم کے تحت 20 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب سے منسلک نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق ان افراد پر الزام ہے کہ وہ فوجی تنصیبات، پولیس مراکز اور دیگر سکیورٹی مقامات کی معلومات اسرائیل کو بھیج رہے تھے۔
استغاثہ کے مطابق "اسرائیل کے لیے کام کرنے والے متعدد نیٹ ورکس” کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسی طرح بحرین کی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب کو حساس معلومات فراہم کر رہے تھے۔
وزارت کے مطابق گرفتاریاں "دہشت گرد عناصر کی بھرتی” روکنے کے لیے کی گئیں۔ یہ عناصر مبینہ طور پر ملک میں دہشت گردانہ منصوبے بنا رہے تھے۔ ایک چھٹا ملزم بیرونِ ملک فرار ہو چکا ہے۔
بحرینی حکام نے اس کارروائی کو قومی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
دونوں ممالک میں ہونے والی یہ گرفتاریاں خطے میں بڑھتی ہوئی سکیورٹی کشیدگی، انٹیلی جنس سرگرمیوں اور علاقائی طاقتوں کے درمیان پراکسی مقابلے کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری خفیہ جنگ، اور خلیجی ممالک کی ایران سے متعلق سکیورٹی تشویشیں، ان کارروائیوں کے پس منظر کو مزید واضح کرتی ہیں۔