بلوچستان کے علاقے تربت وپنجگور سے 2 نعشیں برآمد ہوئی ہیں ۔ ایک نعش کی شناخت لاپتہ افراد کے طور پر ہوگئی ہے۔
تربت کے علاقے گھنہ سے کونشقلات، تمپ کے رہائشی جبری لاپتہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت میردوست ولد عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو تمپ کے علاقے کونشقلات کا رہائشی ہے، جنہیں 13 فروری 2025 کو پاکستانی فوج اور اس کے زیرِ سایہ مقامی ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں نے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد وہ جبری طور پر لاپتہ ہو گئے تھے۔
آج ان کی لاش تربت کے علاقے گھنہ سے برآمد ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ میردوست کی لاش پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے ہیں۔
دوسری جانب پنجگور میں ایئرپورٹ روڈ کے قریب امین اللہ ولد جان محمد ساکن گچک نامی شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے مقامی انتظامیہ نے ہسپتال پہنچا کر ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا۔
تاہم واقعہ کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں۔