پسنی کے ساحلی علاقے چربندن میں مردہ کچھوا برآمد

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے ساحلی علاقے چربندن میں ایک کچھوا مردہ حالت میں پایا گیا ہے، جس نے ماحولیاتی ماہرین اور تحفظِ حیات کے اداروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

صحافی ظریف بلوچ کے مطابق مکران کے ساحلی علاقوں میں کچھوؤں کی ہلاکت کی وجوہات میں آبی آلودگی، غیر پائیدار ماہی گیری کے طریقے، اور انسانی مداخلت شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں یہ علاقے کچھوؤں کی افزائشِ نسل کے لیے نہایت اہم سمجھے جاتے تھے، لیکن حالیہ برسوں میں ان علاقوں میں کچھوؤں کے خول کا تواتر سے ملنا ایک خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔

ظریف بلوچ نے بین الاقوامی اداروں IUCN اور WWF سے اپیل کی ہے کہ وہ مکران کے ساحلی علاقوں میں کچھوؤں کی اموات کی وجوہات جاننے کے لیے جامع تحقیق کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقے، جن میں تاک بیچ اورماڑہ، دران بیچ جیونی اور ہفتلار جزیرہ پسنی شامل ہیں، سبز کچھوؤں کی افزائشِ نسل کے اہم مسکن ہیں اور ان کی بقا کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

Share This Article