بلوچستان بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم دراصل عدلیہ کی خودمختاری کو ختم کرنے اور عدالتی نظام کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 26 اور 27 نومبر کو ملک بھر کے وکلا اس ترمیم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے، کیونکہ یہ ترمیم آئینِ پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کے منافی اور اختیارات کی تقسیم کے اصول کے برخلاف ہے۔
راحب خان بلیدی کے مطابق بار کونسل نے اس معاملے پر کل پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، ہائی کورٹ بارز اور ڈسٹرکٹ بارز سے مشاورت مکمل کر لی ہے، اور عدلیہ کے تحفظ و آزادی کے لیے بھرپور تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو یومِ سیاہ منایا جائے گا جبکہ 27 نومبر کو عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ وکلا برادری عدلیہ کی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
راحب خان بلیدی نے مزید کہا کہ بلوچستان بار کونسل آئینی اداروں کی خودمختاری اور عدلیہ کے وقار کے دفاع کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔