زنیرہ بلوچ کے اعزاز میں تقریب: بلوچستان کے ماحولیاتی مسائل کو عالمی سطح پراجاگر کیا جا رہا ہے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے سرگرم نوجوان ایکٹیوسٹ زنیرہ قیوم بلوچ کے اعزاز میں خضدار میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

یہ تقریب سماجی کارکن روشنائی سوشل آرگنائزیشن کے چیئرمین اشرف مینگل ،سیکرٹری فائنانس نیشنل پارٹی وحدت بلوچستان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔

تقریب میں زنیرہ قیوم بلوچ کی امریکہ میں ماحولیاتی تحفظ کے میدان میں نمایاں خدمات اور بلوچستان، بالخصوص خضدار کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی، صحافی دانش مینگل، شیراحمد قمبرانی، قاری شاکر احمد، سعید احمد ملازئی، مفتی عبدالقادر، مقبول لہڑی، عبداللہ بلوچ سمیت صحافتی، سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر زنیرہ قیوم بلوچ نے اپنے خطاب میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اپنی جدوجہد اور امریکہ میں کیے گئے منصوبوں کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کس طرح مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بلوچستان کے ماحولیاتی مسائل کو اجاگر کیا جا رہا ہے اور مقامی نوجوانوں کو ماحول دوست اقدامات میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً خضدار جیسے علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات تیزی سے نمایاں ہو رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے حکومتی سطح پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ زنیرہ قیوم بلوچ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے آگے بڑھیں اور مثبت تبدیلی کا حصہ بنیں۔

شرکائے تقریب نے زنیرہ قیوم بلوچ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خضدار اور بلوچستان کے لیے قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔

Share This Article