بلوچستان کے علاقے پنجگور میں پاکستانی فورسز نے ایک نوجوان کوجبری طور پرلاپتہ کردیا جبکہ مستونگ سے نعش برآمدہوئی ہے۔
ضلع پنجگور سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
لاپتہ شخص کی شناخت عبدالخالق ولد احمد سکنہ پروم سائیکی بازار کے نام سے ہوئی ہے۔
لواحقین کے مطابق، 30 اکتوبر کو فورسز نے مقامی کیمپ بلا کر عبدالخالق کو حراست میں لیا اور بعد ازاں انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد سے عبدالخالق کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، جس سے ان کے اہل خانہ شدید پریشانی اور بے یقینی کا شکار ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر عبدالخالق پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے، بصورتِ دیگر فوراً بازیاب کیا جائے۔
دوسری جانب مستونگ میں پولیس تھانہ ولی خان کی حدود سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔
لاش کو شناخت کے لیے نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید تفتیش پولیس کررہی ہے۔