بلوچستان کے علاقے کوہلو میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک لیویز اہلکارہلاک ہلاک ہوگیا جبکہ تربت سے مزید ایک نوجوان کی نعش برآمدہوئی ہے۔
ضلع کوہلو کے علاقے لاسی زئی میں بی ایریا آغا کنسٹرکشن کمپنی کے تحفظ پر مامور لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
واقعہ تقریباً رات 8:20بجے پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک لیویز اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت راز محمد ولد خان محمد پوادی مری جبکہ زخمیوں کی سیوہ خان لوہارانی مری، رفیع اللہ ولد عبد الرحمن کے ناموں سے ہوگئی ہے۔
زخمیوں اورہلاک اہلکار کی لاش کو ڈی ایچ کیو اسپتال کوہلو منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعہ کے بعد ڈپٹی کمشنر کوہلو اور اسسٹنٹ کمشنر اسپتال پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے سری کہن سے مزید ایک نوجوان کی نعش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے نعش کوشناخت اور ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق سری کہن چلو سے ایک شخص کی نعش ایک خالی پلاٹ سے برآمد کرنے کے بعد ٹیچنگ اسپتال تربت پہنچایا گیا ہے۔
تاحال لاش کی شناخت نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ تربت میں دو دنوں میں تین لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا ہے۔