جھل مگسی ودالبندین میں  فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ،اوستہ محمد سے لاش بر آمد

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read
The dead man's body. Focus on hand

بلوچستان کے علاقے جھل مگسی اور دالبندین میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات سے 2 افراد ہلاک اور خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے جبکہ اوستہ محمد سے نعش بر آمدہوئی ہے ۔

جھل مگسی میں داماد کی فائرنگ سے سسر ہلاک جبکہ بیوی سالے سمیت 3افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جھل مگسی سٹی میں مبینہ طور پر بیوی نہ دینے کی پاداش میں محمد رفیق مجیدانی مگسی نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے اپنے سسر صیفل مجیدانی مگسی کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے ملزم کی بیوی سالہ سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ۔

واقعہ کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جاے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں اور مرنے والے کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں طعبی امداد دینے کے بعد زخمیوں کو مذید علاج کے لیے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا ۔

واقعہ کے بارے میں سٹی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

دوسری جانب گنداخہ کے علاقے سے ایک شخص کی لاش برآمدہوئی ہے ۔

پولیس کے مطابق ضلع اوستہ محمد کی تحصیل گنداخہ کے علاقے باغ ہیڈ گاوں محمد جان برڑو میں واٹر کورس میں پولیس کو ایک شخص کی لاش ملی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت سیف اللہ برڑو کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے نعش ضروری کاروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی اور مزید کارروائی شروع کردی۔

علاوہ ازیں دالبندین فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک شخص ہلاک اور دو سگے بھائی شدید زخمی ہوگئے۔

دالبندین میں مشرقی بائی پاس شیر چوک پر واقعہ حجام کی دکان پر صبح سویرے ساڑھے سات بجے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بازگز دالبندین کے رہائشی نظر محمد ولد رحمت اللہ قوم محمد حسنی کو شدید شدید زخمی کردیا جنہیں فوری طور پر پرنس فہد ہسپتال لے جایا گیا مگر خون زیادہ بہہ جانے کے سبب وہ جانبر نہ ہو سکا۔

فائرنگ کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی۔

جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں لنک بائی پاس روڈ نزد عبد المجید اڈہ کے قریب فائرنگ سے 2 بھائی عبداللہ ولد بیبرگ اور نصر اللہ ولد بیبرگ قوم محمد حسنی سکنہ سورگل دالبندین شدید زخمی ہوئے جنہیں پرنس فہد ہسپتال دالبندین میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق عبداللہ کے بایاں کندھے اور نصر اللہ کے دونوں ٹانگوں پہ گولیاں لگی ہیں۔

شدید زخمی نصر اللہ کو پرنس فہد ہسپتال دالبندین میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔

ایس ایچ او دالبندین عبدالوحید بلوچ کے مطابق فائرنگ کے دونوں واقعات کے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں تاہم فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نظر محمد محمد حسنی کے قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

جبکہ دوسرا واقعہ رقم کے لین دین کی معاملے پر ہوا ۔

ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی ۔

اس سلسلے میں پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

Share This Article