بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں نوتال کے قریب مسلح افراد نے جعفر ایکسپریس پر راکٹوں سے حملہ کیا ۔
کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر نوتال کے قریب مسلح افراد نے راکٹ لانچروں سے حملہ کیا۔
پولیس حکام کے مطابق ٹرین پر تین راکٹ فائر کیے گئے تاہم حکام کے مطابق کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
سیکورٹی حکام نے دعویٰ کیا حملے کے فورا بعد سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مسافر ٹرین مسافروں سمیت اپنی منزل کی جانب رواں ہے۔
واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ پولیس اور ریلوے حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب حملے کی ذمہ داری بلوچ ریپبلکن گارڈز ( بی آر جی ) نے قبول کرلی ہے۔
ترجمان دوستین بلوچ نے میڈیا کو بھیجے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بی آر جی کے سرمچاروں نے آج نصیر آباد کے علاقے نوتال میں جعفر ایکسپریس پر راکٹ اور بڑے جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے نشانہ بنایا۔
ترجمان کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں ٹرین سمیت قابض پاکستانی فوج کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوستین بلوچ کے مطابق ٹرین کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اس میں قابض پاکستانی فوج کے اہلکار سفر کررہے تھے۔
ترجمان نے مزید کہا بی آر جی اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور اس طرح کے حملے بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے۔