مند میں جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج، مرکزی شاہراہ بند

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند میں بلوچ آباد کے مقام پر اہلِ خانہ اور مقامی افراد کی جانب سے جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

مظاہرین نے کہا ہے کہ جب تک ان کے لاپتہ پیاروں کو بازیاب نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا اور مرکزی شاہراہ بند رہے گی۔

اہلخانہ کے مطابق گزشتہ دنوں رات کے تین بجے فرنٹیئر کور (ایف سی) نے ایک گھر پر چھاپہ مارا اور تین نوجوانوں فہد ولد عثمان، ہارون ولد محمد جان اور حمود ولد محمد جان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ان کے مطابق حمود آٹھویں جماعت کا طالب علم ہے جبکہ فہد اور ہارون گاڑی چلا کر گھر کا خرچ چلاتے تھے۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے نوجوانوں کے بارے میں کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مظاہرین نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اپنے شہریوں کی حفاظت کرے، نہ کہ انہیں ان کے گھروں سے اٹھا کر لاپتہ کرے۔ جبری گمشدگیاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور ریاست کی اخلاقی و سیاسی ناکامی کی عکاسی کرتی ہیں۔”

احتجاجی مظاہرین نے اہلِ علاقہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں اور انصاف کے لیے آواز بلند کریں۔

Share This Article