ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے انسانی حقوق کے کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول میں رکھنے پر بلوچستان حکومت کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) نے بلوچستان حکومت کی جانب سے بلوچ وومنز فورم (BWF) کی مرکزی آرگنائزر شلی بلوچ اور سماجی کارکنان نازگل اور سید بی بی شریف کے نام انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایچ آرسی پی کے مطابق، سیاسی مخالفین یا انسانی حقوق کے دفاع کرنے والوں کو سیکیورٹی خطرہ قرار دینا ایک انتہائی منفی اور رجعت پسندانہ اقدام ہے جو اظہارِ رائے، اجتماع اور نقل و حرکت کی بنیادی آزادیوں کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔
تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بلوچستان اس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لے اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف ایسے اقدامات سے گریز کرے جو جمہوری اصولوں کے منافی ہیں۔