بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستانی فورسز پر یکے بعد دیگرے دو حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
پہلا حملہ ضلع کیچ کے علاقے کولواہ، ڈنڈار میں ہواجہاں فورسز کے اہلکاروں کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا ۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب کم از کم نو اہلکار ایک ہی مقام پر موجود تھے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹروں آمد و رفت دیکھی گئی۔
سرکاری ذرائع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
دوسرا حملہ ضلع کیچ کے علاقے زامران میں ہواجہاں نامعلوم حملہ آوروں نے فورسز کی ایک سپلائی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں گاڑی کو نقصان کا سامنا رہا ہے جبکہ جانی نقصانات کی اطلاع نہیں ملی۔
دونوں حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔